بھٹکل 30؍نومبر (ایس او نیوز) نوائط کالونی میں واقع تعلقہ اسٹڈیم کے ترقیاتی کاموں کے نفاذ کےسلسلےمیں رکن اسمبلی سنیل نائک نے جمعہ کی شام اسٹڈیم میں ہی پہنچ کر پھر ایک بار افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی اور عملی خاکہ کا جائزہ لیا۔
اسٹڈیم کے احاطے میں موجود اسکول کی منتقلی اور سڑک کی تعمیر کو لے کر مقامی لیڈران سے گفت و شنید کی۔ اس موقع پر خبر ملی ہے کہ ایس ایم سید عبدالعظیم سمیت کچھ دیگر احباب نے اسکول کی منتقلی کی مخالفت کی، ان کا کہنا تھا کہ اسکول کہیں اور منتقل کریں گے تو بچوں کو آنے جانے میں تکلیف ہوگی۔ چھوٹے بچے اس بار کو برداشت نہیں کرسکیں گے۔مقامی علاقہ کے عوام نے اس بات کا مطالبہ کیا کہ اسٹڈیم اور اسکول کو متعینہ جگہ پر ہی باقی رکھا جائے۔ عوامی دباؤ کے پیش نظر اسکول کو اپنی جگہ باقی رکھتے ہوئے کمپاؤنڈ دیوار کے باہر سے سڑک تعمیر کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔
اس موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا، تحصیلدار وی این باڈکر، ضلع یوتھ اینڈ کھیل افسر گایتری ، تعلقہ پنچایت افسر پربھاکر چکنمنے ، بی ای اؤ منجی ایم آر سمیت بھٹکل مسلم یوتھ فیڈڑیشن کے صدر امتیاز اُدیاور، جنرل سکریٹری نصیف خلیفہ سمیت کافی دیگر لوگ موجود تھے۔